جاپان: نرسری اسکول کے بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں تین ٹیچرگرفتار

ٹوکیو، 4 دسمبر (یو این آئی) جاپان کے شیزوکا صوبے میں ایک نرسری اسکول میں کام کرنے والی تین ٹیچر کو اتوار کے روز ان کی دیکھ بھال میں رہنے والے بچوں کے ساتھ  بارباربدسلوکی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دی۔ سسونو شہر میں سکرا ہوئیکوئن نامی نجی اسکول کی پولیس کی جانب سے تلاشی لینے کے کچھ گھنٹے کے بعد ان ٹیچروں کو حراست میں لیاگیا۔یہ معاملہ شہر میں بدھ کو اس انکشاف کے بعد سامنے آیا کہ یہ ٹیچر جون اوراگست کے درمیان بدسلوکی کے 15 معاملات میں شامل تھے۔ اس میں ایک سال کے بچوں کو ان کے پیروں سے الٹا پکڑنا، ان کی پتلون کو زبردستی اتارنا اور انہیں چاقووں سے ڈرانے کے ساتھ ہی کئی ذلت آمیز حرکتیں شامل ہیں۔شیزوکا پریفیکچرمیں شہر کے مطابق، یہ تینوں ملزم ٹیچرایک سالہ کلاس کے انچارج چھ اساتذہ میں شامل تھے اور انہوں نے حال ہی میں نرسری اسکول چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے بدسلوکی کا اعتراف کیا ہے لیکن یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ بچوں کو نظم و ضبط دینے کی کوشش کر رہے تھے۔