مفتی انس جیسے شوہر کیلئے برسوں خدا سے دعائیں مانگی ہیں، ثنا خان

ممبئی: 18دسمبر۔اسلام کے راستے پر چلنے کے لیے بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی سابق  بھارتی اداکارہ ثنا خان کا اپنے شوہر مفتی انس کے حوالے سے کہنا ہے کہ انس کے ساتھ شادی کرنے کا فیصلہ راتوں رات نہیں لیا بلکہ میں نے اس جیسے انسان کے لیے برسوں دعائیں مانگی ہیں۔حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو میں ثنا خان نے اپنے شوہر سید انس سے پہلی ملاقات اور ان کے شوہر نے کس طرح ان کی زندگی کا رخ بدلنے میں اہم کردار ادا کیا اس کے متعلق بتایا۔ ثنا خان کے مطابق وہ اور ان کے شوہر پہلی بار 2017 میں مکہ میں ملے تھے۔ثنا خان نے بتایاکہ جس دن میں بھارت لوٹ رہی تھی میری انس کے ساتھ مختصر ملاقات ہوئی اور انس کا مجھ سے بطور اسلامی اسکالرتعارف ہوا تھا۔ یہاں میں ایک بات کی وضاحت کرنا چاہوں گی کہ انس ’’مفتی‘‘ نہیں بلکہ ’’عالم‘‘ ہیں۔ میں نے 2018 کے آخر میں ان سے دوبارہ رابطہ کیا کیونکہ میرے ذہن میں مذہب کو لے کر چند سوالات تھے۔ اور پھر تقریباً ایک سال بعد 2020 میں ایک بار پھر ہم دونوں میں رابطہ ہوا کیونکہ میں ہمیشہ اسلام کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی طرف مائل تھی۔یہ بھی پڑھیں: ثنا خان کی شوہر کیساتھ آیۃ الکرسی پڑھتے ہوئے ویڈیوثنا خان نے اپنی اور سید انس کی شادی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا میں نے انس کے ساتھ شادی کرنے کافیصلہ راتوں رات نہیں لیا۔ بلکہ میں نے اپنی زندگی میں انس جیسے انسان کے لیے برسوں دعائیں کی ہیں۔ مجھے انس میں جو بات سب سے زیادہ پسند ہے وہ یہ  کہ وہ ’شریف‘ ہیں اور  ’ان میں حیا ہے‘۔ وہ دوسروں کو جج نہیں کرتے۔ انہوں نے مجھ سے کہا تھا اگر کوئی اچھی چیز گٹر میں گرجائے تو اس کے اوپر آپ 10 بالٹی پانی ڈال دو وہ صاف نہیں ہوتی لیکن اس کو گٹر سے باہر نکال کر ایک گلاس پانی ڈال دو وہ صاف ہوجاتی ہے ۔ ان کی اس بات نے مجھ پر گہرے اثرات چھوڑے۔اپنے پروفیشن کے حوالے سے ثنا خان نے بات کرتےہوئے کہا مجھ سے بہت سے لوگ پوچھتے ہیں کہ مجھے اس بات کا احساس اتنی دیر سے کیوں ہوا کہ میں غلط پروفیشن میں ہوں۔تو میں کہنا چاہتی ہوں بہت ساری چیزوں کا احساس آپ کو فوراً نہیں ہوتا ۔