معروف گلوکار ایس پی بالاسبرمنیم نہیں رہے

چنئی 25 ستمبر(یواین آئی)کھنکتی وسریلی آواز سے گلوکاری کی دنیا میں الگ پہچان بنانے والے مقبول پلے بیک سنگر ایس پی بالا سبرمنیم کا جمعہ کو کوروناانفیکشن کے سبب انتقال ہوگیا۔وہ74برس کے تھے۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد مسٹر بالا سبرمنیم کو پانچ اگست کو یہاں کے ایم جی ایم اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔اسپتال نے آج دوپہر میڈیا کو بتایا کہ مسٹر بالا سبرمنیم کاانتقال ہوگیا۔اسپتال انتظامیہ نے کل شام صحت بلیٹن جاری کرکے مشہور گلوکار کی حالت انتہائی خراب ہونے کی اطلاع دی تھی۔مسٹر بالا سبرمنیم کے بیٹے ایس پی بی چرن نے والد کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نےدوپہر ایک بج کر چارمنٹ پر آخری سانس لی۔موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ کے انتقال کی خبر سے مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔مسٹر بالا سبرمنیم کی لاجواب وسریلی آواز نے دنیا بھرکے موسیقی مداحوں کو ان کا دیوانہ بنادیا تھا۔پانچ دہائی تک انہوں نے اپنی آواز کا جادہ بکھیرا۔تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندرشیکھرراؤ نے مسٹر سبرمنیم کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔مسٹر راؤ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ہزاروں گیتوں کو سریلی آواز دینے والے اور مداحوں کے ذریعہ بالو کے نام سے پکارے جانے والے مسٹر بالاسبرمنیم نے دنیا بھر میں اپنے مداح بنائے۔انہوں نے کہا کہ یہ بے حد بدقسمتی ہے کہ ڈاکٹروں اور دیگر میڈیکل اسٹاف کی ہرممکن کوشش کے باوجود مسٹر سبرمنیم کو بچایا نہیں جاسکا۔ان کی کمی کو پورا نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعلیٰ نے غمزدہ اہل خانہ کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔