داماد سنک کے برطانیہ کا وزیر اعظم بننے پر فخر ہے: نارائن مورتی

بنگلورو، 25 اکتوبر (یو این آئی) انفوسس کے شریک بانی نارائن مورتی نے منگل کو کہا کہ انہیں اپنے داماد رشی سنک پر فخر ہے، جو برطانیہ کے پہلے ہندوستانی نژاد وزیر اعظم بنے ہیں۔آج یہاں جاری ایک بیان میں مسٹر مورتی نے کہا، ’’رشی کو مبارکباد۔ ہمیں ان پر فخر ہے اور ان کی کامیابی کے خواہاں ہیں۔‘‘انہوں نے کہا، "ہمیں یقین ہے کہ وہ برطانیہ کے لوگوں کے لیے سب سے بہتر کریں گے۔مسٹر سنک کی شادی 2009 میں انفوسس کے شریک بانی کی بیٹی اکشتا مورتی سے ہوئی تھی۔ مسٹر سنک کو پیر کے روز برطانیہ کا وزیر اعظم بنایا گیا۔ اسے اتفاق ہی کہا جائے گا کہ دیوالی کے دن مسٹرسنک کو یہ موقع ملا اور اس سے اس تہوار کا جوش دوبالا ہوگیا۔ ہندوستانی لوگوں نے برطانیہ میں خوب دیوالی منائی اور ہندوستان میں بھی اس موقع کو جشن کے طور پر منایا گیا۔ویسٹ منسٹر کے امیر ترین سیاست دانوں میں سے ایک مسٹر سنک دو ماہ سے بھی کم عرصے میں برطانیہ کے تیسرے وزیر اعظم بنے ہیں۔ وہ جدید دور میں برطانیہ کے وزیر اعظم بننے والے سب سے کم عمر رہنما ہیں۔