’...تو چھڑ جائے گی تیسری عالمی جنگ‘

یوکرین کے ناٹو میں شامل ہونے کی تجویز پر روس کی بڑی دھمکی نئی دہلی،13؍اکتوبر(ایجنسی) روس اور یوکرین کے درمیان پچھلے کئی مہینوں سے کشیدگی کی صورتحال بنی ہوئی ہے ۔ کریمیا برج پر ہوئے حملہ کے بعد صدر ولادیمیر پوتن نے اپنی حملہ کی حکمت عملی میں تبدیلی کی ہے اور یوکرین پر کئی میزائل داغے ہیں ۔ اب روس کی جانب سے دئے جارہے کھلے چیلنج سے دنیا بھر میں کھلبلی مچ گئی ہے ۔ ناٹو میں یوکرین کی شمولیت کے نتیجہ کے طور پر تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے ۔ روسی فیڈریشن کی سلامتی کونسل کے ڈپٹی سکریٹری الیگزینڈر وینیڈکٹوف نے جمعرات کو ایک انٹرویو میں ٹی اے ایس ایس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اگر یوکرین امریکہ کی قیادت والے ناٹو فوجی اتحاد کا حصہ بنتا ہے تو پھر یہ یقینی طور پر تیسری عالمی جنگ کی طرف لے کر جائے گا ۔TASS نے وینیڈیکٹوف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیف اچھی طرح سے جانتا ہے کہ اس طرح کے قدم کا مطلب تیسری عالمی جنگ کے امکانات کو بڑھانا ہے ۔ خیال رہے کہ یوکرین کے صدر ولوڈیمیر زیلینسکی نے ستمبر کے آخر میں ناٹو فوجی اتحاد کی فاسٹ ٹریک رکنیت کا اعلان کیا تھا ۔قابل ذکر ہے کہ 30 ستمبر کو رسمی طور پر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین کے کچھ حصوں پر قبضہ کا اعلان کیا تھا ۔ اس کے کچھ ہی گھنٹوں کے بعد یوکرین کے صدر زیلینسکی نے ناٹو کی فاسٹ ٹریک رکنیت کی بات کہی تھی ۔ حالانکہ یوکرین کو ابھی ناٹو کی رکنیت نہیں ملی ہے ۔ اتحاد کیلئے معاہدہ کے سبھی اراکین کی رضامندی کی ضرورت ہوتی ہے ۔روس کی نیوکلیئر جنگ کی دھمکی پر امریکہ نے بھی سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ نیوز18 انڈیا کے نیوز روم میں امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان زیڈ تارر نے کہا کہ روس کی دھمکی بالکل غلط ہے ۔ دنیا کی سیاست کیلئے ایسی دھمکی غلط ہے ۔