تھائی لینڈ میں اندھا دھند فائرنگ

23 بچوں سمیت36 ہلاک،قاتل نے بیوی بچوں کو بھی مارا ، کرلی خود کشی بنکاک، 6 اکتوبر (یو این آئی) تھائی لینڈ کے شمال مشرقی صوبے میں بچوں کے ڈے کیئر سینٹرمیں فائرنگ کے نتیجے میں 22 بچوں سمیت کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ متاثرین میں بچے اور بڑے دونوں شامل ہیں جبکہ حملہ ایک سابق پولیس اہلکار نے کیاہے۔حکام نے تصدیق کی کہ حملہ آور نے حملے میں اپنی بیوی اور بچے کو بھی قتل کردیا اورحملہ آور نے بعد میں خود کشی کرلی۔ اس واقعے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق تھائی لینڈ کے صوبہ نونگ بوا لام پھو میں شاٹ گن اور چاقو سے لیس حملہ آور نے دوپہر ساڑھے بارہ بجے چائلڈ کیئر سینٹرپر فائرنگ کردی اور بعد میں فرار ہو گیا۔پولیس کے کرنل جکاپت وجتھریتیا نے بتایا کہ حملہ آور کی شناخت پولیس لیفٹیننٹ کرنل پانیا کھمراب کے نام سے ہوئی ہے اور انہیں منشیات کے استعمال پر گزشتہ سال پولیس کی نوکری سے برطرف کردیا گیا تھا۔پولیس کرنل نے حملے میں 23 بچوں کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مرنے والے بچوں کی عمر دو سے تین سال کے درمیان ہے۔حکومت ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم پرایتھ چن اوچا نے ملزم کو پکڑنے کے لیے تمام ایجنسیوں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب تقریباً ماہ قبل بنکاک میں حاضر سروس فوجی افسر نے ملٹری ٹریننگ بیس میں دو ساتھیوں کو گولی مار کر قتل کردیا تھا۔بنکاک میں لوگوں کی زیر ملکیت بندوق کی شرح کافی زیادہ ہے لیکن اس کےباوجود ملک میں فائرنگ کے واقعات بہت کم رونما ہوتے ہیں۔گزشتہ سال بھی بنکاک میں اس طرح کے واقعات پیش آئے تھے جب ایک حاضر سروس فوجی نے اپنے ساتھیوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا۔ تاہم اس سلسلے میں حالیہ عرصے میں سب سے خوفناک واقعہ 2020 میں پیش آیا تھا جب 17 گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی میں ایک فوجی نے 29 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا تھا اور بعد میں فوجیوں کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔