پاکستان حکومت نے شہباز کے خلاف ایک اور معاملہ چلانے کا منصوبہ بنایا

اسلام آباد 12 جنوری (یو این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے کہا ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف ان کے بڑے بھائی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی اور مبینہ علاج کے لیے ’جھوٹا حلف نامہ‘ پیش کرنے کے معاملے میں کارروائی کرنے کے لئے منصوبے کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ روزنامہ ڈان نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ڈان کی رپورٹ کے مطابق کابینہ نے منگل کو ایک میٹنگ منعقد کی، جس میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے سربراہ کے خلاف لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) میں مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور نیشنل اسمبلی سے ان کی نااہلی کا مطالبہ کیا گیا۔ حکومت نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو پر کارروائی شروع کرنے کو کہا ہے۔بدعنوانی معاملے میں سات سال کی سزا کاٹ رہے نواز شریف اپنے بھائی کی جانب سے دائر کرائے گئے حلف نامے کی بنیاد پر 2019 میں علاج کے لیے پاکستان سے بیرون ملک چلے گئے تھے لیکن بیرونی ممالک جانے کے بعد وہ واپس نہیں آئے اور مختلف عدالتوں اور حکومت نے انہیں مفرور قرار دے دیا ہے۔پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لندن میں پاکستانی سفارت خانے کے ڈاکٹروں کے ساتھ شیئر کی جانی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم پر سفارتخانے کی طرف سے خاندان سے دو بار رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کوئی بھی معلومات دینے سے انکار کر دیا۔