شام:امریکی اڈے کے قریب "کرد فورسز" پر مسلح حملہ

شام،14دسمبر(ایجنسی)شامی خبر رساں ایجنسی"سانا" کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ العمر آئل فیلڈ میں ایک امریکی اڈے کے قریب واقع "ایس ڈی ایف" فورسز سے وابستہ ایک فوجی اڈے پر سلح حملہ کیا گیا۔دیر الزور میں ہونے والے اس حملے میں جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔امریکی افواج نے مشرقی شام میں دیر الزور کے قریب پیر کی صبح بڑے پیمانے پر فضائی کارروائی کی۔شامی خبر رساں ایجنسی"سانا" نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے دیر الزور کے مشرقی دیہی علاقوں میں البصیرہ شہر سے متعدد شہریوں کو اغوا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی طیاروں نے ایس ڈی ایف کے عسکریت پسندوں کی مدد سے لینڈنگ کی اور اس کے ساتھ شدید اور اندھا دھند فائرنگ بھی ہوئی جس میں ایک ہی خاندان کے 3 شہری مارے گئے۔دوسری طرف سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ کل آدھی رات کے بعد دیر الزور کے دیہی علاقوں میں داعش کے خلاف "بین الاقوامی اتحادی افواج کے لینڈنگ آپریشن" میں 3 افراد ہلاک اور دیگر کو گرفتار کیا گیا۔انسانی حقوق گروپ نے مزید کہا کہ لینڈنگ آپریشن کے بعد لاؤڈ سپیکر سے متنبہ کیا گیا کہ علاقے کو مکمل طور پر گھیر لیا گیا ہے۔ مطلوب افراد کو ہتھیار ڈالنے کو کہا گیا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جن کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، آیا یہ فائرنگ کے تبادلے کی وجہ سے ہوئی یا صرف چھاپہ مار فورس کی فائرنگ تھی، حکام نے عندیہ دیا کہ متعدد افراد کو اس الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جن کا تعلق مبینہ طورپر داعش سے ہے۔