انڈونیشیا:7.3کی شدت کا زلزلہ لیکن سونامی کی وارننگ واپس

  جکارتہ،14دسمبر(ایجنسی)بحر الکاہل میں سونامی کی وارننگ سے متعلق مرکز نے بحیرہ فلورس میں شدید زلزلے کے جھٹکوں بعد خطرناک لہروں کے لیے متنبہ کیا تھا۔ لیکن  بعد میں اس وارننگ کو واپس لے لیا گیا۔منگل کو مشرقی انڈونیشیا میں 7.3 کی شدت کا زلزلہ آیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کا کہنا ہے کہ زلزلے پر نگاہ رکھنے  والے اداروں نے اس کے پیش نظر خطرناک سونامی کی لہروں کے خدشات کے بارے میں متنبہ کیا تھا تاہم بعد میں اسے واپس لے لیا گیا۔بحر الکاہل کے سونامی وارننگ سینٹر نے بحیرہ فلورس کے پاس واقع انڈونیشیا کے شہر مومیرے کے شمال میں تقریباً سو کلومیٹر کے فاصلے پر سات اعشاریہ تین کی شدت کے زلزلے کے بعد خطرناک قسم کی سمندری لہروں سے متعلق خبردار کیا تھا جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق یہ طاقتور زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 20 منٹ پر بحیرہ فلورس کے اندر ساڑھے اٹھارہ کلومیٹر یعنی تقریباً 11 میل کی گہرائی میں درج کیا گیا۔اس زلزلے کی شدت کے پیش نظر بحرالکاہل کے سونامی وارننگ سینٹر نے اعلان کیا کہ 'زلزلے کے مرکز سے ایک ہزار کلومیٹر کے اندر واقع ساحلوں پر خطرناک قسم کی سمندری لہروں کا خدشہ ہے۔ تاہم بعد میں ممکنہ سونامی سے متعلق اس تنبیہ کو واپس لے لیا گیا۔امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ سطح سمندر میں آنے والے اس زلزلے سے جانی نقصان کا امکان بہت کم ہے۔ تاہم اس نے مزید کہا کہ، اس علاقے میں حالیہ زلزلے سونامی اور زمین کھسکنے جیسے ثانوی خطرات کا سبب بنے ہیں اور یہ عوامل بھاری نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔فلورس جزیرے پر واقع مومیرے شہر کے ایک مقامی رہائشی نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات چیت میں کہا، 'ہر شخص کھلے راستے میں بھاگ کر کھڑا ہوا۔ ادھر مشرقی فلورس جزیرے پر واقع لارنٹو کے قصبے میں زلزلے کے سبب 5.6 کی شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تاہم مشرقی فلورس میں ضلعی سربراہ اینٹون ہیون نے مقامی ٹی وی چینل کومپاس سے بات چیت میں کہا، ہم نے جانچ کر لی ہے اور ابھی تک نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ٹیلی ویژن چینلز پر سونامی کے خوف سے رہائشیوں کو موٹر سائیکلوں اور پیدل ساحل سے فرار ہوتے ہوئے دکھایا گیا۔ سونامی سے متعلق وارننگ مالوکو، مشرقی نوسا ٹینگارا، مغربی نوسا ٹینگ گارا اور جنوب مشرقی اور جنوبی سولاویسی جیسے علاقوں کے لیے دی گئی تھی۔
 ایسٹ فلورس ریجنسی کے جزیرے ایڈونارا میں رہنے والی نو عینی کا کہنا تھا، 'میں تو میدان میں تھی۔ لوگ گھبراہٹ میں بھاگے۔ میں تو اب بھی...خوفزدہ ہوں۔ سن 2004 میں 9.1 کی شدت سے آنے والے زلزلے اور سونامی سے انڈونیشیا کے ساحلی علاقوں کے باشندوں کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ اس علاقے میں تقریباً سوا دو لاکھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔