کامیڈی کے استاد عمر شریف کا انتقال

اسلام آباد،2؍اکتوبر(ایجنسی) برصغیر میں اپنی کامیڈی کے لئے مشہور پاکستانی فنکار عمر شریف انتقال کر گئے ہیں۔ وہ 66 برس کے تھے اور کافی دنوں سے علیل چل رہے تھے۔ انہیں کینسر کا مرض لاحق تھا اور وہ وہ دل کے عارضہ میں بھی مبتلا تھے۔ نیز ان کے گردے بھی کافی کمزور ہو چکے تھے۔ ’اے آر وائی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق عمر شریف علاج کے لئے امریکہ روانہ ہوئے تھے مگر طبیعت خراب ہونے پر انہیں جرمنی کے اسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں انہوں نے دم توڑ دیا۔ عمر شریف کے انتقال کی تصدیق ان کی اہلیہ نے کی۔ایک رپورٹ کے مطابق عمر شریف کے دل کے مسلز کمزور ہو چکے تھے جس کی وجہ سے خون کی گردش میں رکاوٹ تھی جبکہ انہیں سانس لینے میں بھی تکلیف کا سامنا تھا۔ ان کی تکلیف کا علاج اوپن ہارٹ سرجری سے ہی ہو سکتا تھا، لیکن عمر شریف کی پہلے بھی ایک اوپن ہارٹ سرجری ہو چکی تھی جبکہ ان کے گردے بھی کمزور تھے لہٰذا دوبارہ سرجری کرنا ان کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔پاکستانی ٹیلی ویزن کے معروف میزبان اور نیوز اینکر وسیم بادامی نے انسٹاگرام پر عمر شریف کی ایک ویڈیو پوسٹ کر کے وزیر اعظم عمران خان سے ان کے کینسر کے مرض کا علاج کرانے کی درخواست کی تھی۔ اس کے بعد ہندوستانی گلوکار دلیر مہندی نے بھی عمران خان سے عمر شریف کا فوری علاج کرانے کی گزارش کی تھی۔ اس کے بعد حکومت پاکستان نے ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا جسے یہ فیصلہ کرنا تھا کہ عمر شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے یا نہیں! بعد ازاں، 16 ستمبر کو انہیں علاج کے لئے امریکہ جانے کے لئے ویزا فراہم کر دیا گیا۔