آزادی کے بعد کسانوں اور مزدوروں کی ترقی کے نام پر کھوکھلے نعرے دیئے گئے: مودی

نئی دہلی، 25 ستمبر (یواین آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ آزادی کے بعد دہائیوں تک کسانوں اور مزدوروں کی ترقی کے نام پر ملک اور ریاستوں میں کئی حکومتیں بنیں لیکن ان کے مسائل حل نہیں کئے گئے۔ مسٹر مودی نے جن سنگھ کے بانیوں میں سے ایک پنڈت دین دیال اپادھیائے کی  جینتی کے موقع پرویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بھارتیہ جنتا پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں ، مزدوروں اور خواتین کی فلاح و بہبود کے نام پر کھوکھلے نعرے دیئے گئے ۔  انہیں محض وعدوں اور قوانین میں الجھا  رکھا گیا ۔ ایک ایسا جال جسے نہ تو کسان سمجھ پاتا تھا اور نہ ہی مزدور۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی کئی دہائیوں تک کسانوں اور مزدوروں کے نام پر بہت سے نعرے لگائے گئے ، بڑے بڑے منشور لکھے گئے ، لیکن وقت کی کسوٹی نے یہ ثابت کردیا کہ یہ ساری چیزیں کتنی کھوکھلی تھیں۔ ملک ان چیزوں کو بخوبی جانتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کسانوں ، مزدوروں اور خواتین کی طرح ہی چھوٹے چھوٹے روزگار سے وابستہ لوگوں کا ایک بہت بڑا طبقہ ایسا تھا جس کا کبھی خیال نہیں رکھا گیا ۔ ریڑی پھڑی پرکام کرنے والے لاکھوں لوگ عزت کے ساتھ کے اپنے اہل خانہ کی پرورش کرتے ہیں ، ان کے لئے بھی سرکار نے پہلی بار ایک خصوصی اسکیم تیار کی ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ جو پہلے لیبر قوانین تھے وہ ملک کی آدھی آبادی خواتین افرادی قوت کے لئے کافی نہیں تھے۔ اب نئے قوانین سے بہن بیٹیوں کو یکساں مشاہرہ دیا گیا ہے اور ان کی زیاد ہ حصہ داری کو یقینی بنایا گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ جب جب بھی مزدوروں نے آواز اٹھائی تب تب انہیں کاغذ پر ایک قانون دیے دیا گیا۔ آج جب ملک کو خود انحصار بنانے   کے لئے ہر ایک شہری انتھک محنت کر رہا ہے، تب غریبوں ، دلتوں ، پسماندہ ، نوجوانوں ، خواتین ، کسانوں ، قبائلیوں اور مزدوروں کو ان  حق دلانے کا تاریخی کام ہواہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں سے ہمیشہ جھوٹ بولنے والے کچھ لوگ اپنے سیاسی مفادات کی وجہ سے انہیں الجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ لوگ افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ ایسی افواہوں سے کسانوں کو بچانا بی جے پی کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ مسٹر مودی نے کہا ’’ ہمیں کسان کا مستقبل روشن بنانا ہے ‘‘۔