ہندوستان اور پاکستان نے رقم کی تاریخ

نئی دہلی،06؍نومبر(ایجنسی) ہندوستان اور پاکستان دونوں نے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سیزن آٹھ میں سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ اس سے پہلے صرف ایک مرتبہ 2007 میں ایسا ہوا تھا جب دونوں ٹیمیں آخری چار میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی تھیں ۔روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے سپر 12 کے گروپ دو میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلیا ہے ۔ ٹیم نے اتوار کو گروپ راونڈ کے اپنے آخری مقابلہ میں زمبابوے کو 71 رنز سے ہرایا ۔ یہ ٹیم کی پانچ میچوں میں چوتھی جیت ہے ۔ ہندوستان آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پاکستان چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔گروپ ایک کی بات کریں تو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ پہلے سیمی فائنل میں نو نومبر کو سڈنی میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا ۔ وہیں ٹیم انڈیا دس نومبر کو ایڈیلیڈ میں انگلینڈ کے خلاف اترے گی ۔ فائنل تیرہ نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا ۔ہندوستان نے چوتھی اور پاکستان نے چھٹی مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے ۔ دونوں ٹیمیں ایک ساتھ پندرہ سال بعد آخری چار میں پہنچنے میں کامیاب رہی ہے ۔ اس سے پہلے 2007 میں ایسا ہوا تھا ۔ یہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا پہلا سیزن تھا ۔ ایم ایس دھونی کی قیادت میں ہندوستان نے تب خطاب بھی جیتا تھا ۔2007 ورلڈ کپ کی بات کریں تو ہندوستان اور پاکستان تب دو مرتبہ آمنے سامنے آئے تھے ۔ گروپ راونڈ میں اسکور برابر رہنے کے بعد ہندوستان نے بال آوٹ سے یہ میچ جیتا تھا ۔ پھر فائنل میں گوتم گمبھیر اور آر پی سنگھ کی بہترین کارکردگی کے دم پر ہندوستان نے پاکستان کو پانچ رنز سے ہرایا تھا ۔