عمران کے اتحادی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید گرفتار

اسلام آباد،02؍فروری(ایجنسی)سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو پولیس نے جمعرات کو علی الصباح گرفتار کر لیا ہے۔ شیخ رشید پر تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج ہے جس کے مطابق انہوں نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے دعوی کیا کہ ’اسلام آباد پولیس نے پنجاب کی حدود میں ان کی نجی رہائش گاہ سے انہیں گرفتار کیا ہے‘۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی گاڑی سے اسلحہ اور مہنگی شراب کی بوتلیں برآمد کی گئی ہیں۔ شیخ رشید پر یہ بھی الزام ہے جس وقت انہیں گرفتار کیا گیا وہ نشہ کی حالت میں تھے لیکن شٰیخ رشید نے ان الزامات کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی شراب نہیں پی۔
ٹوئٹر اکاونٹ پر ایک تصویر بھی شیئر کی گئی جس میں شیخ رشید گرفتاری کے بعد تھانہ آبپارہ میں ایک کرسی پر بیٹھے ہیں۔ گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو بیان میں شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ ’لوگ سیڑھیاں لگا کر دروازے توڑ کر اندر داخل ہوئے ہیں اور بدتمیزی کی ہے، تمام ملازمین کو بے تحاشہ مارا ہے اور مجھے زبردستی گاڑی میں ڈالا ہے۔‘تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے شیخ رشید کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ عمران خان نے ٹوئٹر اکاونٹ پر بیان میں کہا کہ’ الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ اتنی متعصب اور منتقم نگران حکومت ہماری تاریخ میں کبھی مسلط نہیں ہوئی۔‘